ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / غیرمعمولی موٹاپے سے فوت ہونیوالی مصری خاتون کا سفر آخرت

غیرمعمولی موٹاپے سے فوت ہونیوالی مصری خاتون کا سفر آخرت

Wed, 27 Sep 2017 20:50:56    S.O. News Service

قاہرہ 27ستمبر(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)مصر کی نصف ٹن وزنی خاتون جو موٹاپے کی بیماری کے باعث دو روز قبل متحدہ عرب امارات کے شہر ابو ظہبی کے برجیل اسپتال میں انتقال کرگئی تھی کا جسد خاکی اس کے آبائی شہراسکندریہ پہنچا دیا گیا ہے جہاں کل منگل کو اسے سپرد خاک کردیا گیا۔مرحومہ ایمان عبدالعاطی کا جسد خاکی منگل کے روز امارات کی فضائی کمپنی ’الاتحاد ایئرلائن‘ کے ایک خصوصی طیارے کی مدد سے قاہرہ لایا گیا جہاں ایمان کے اہل خانہ اور دیگر اقارب نے اس کا جسد خاکی وصول کیا۔بعد ازاں میت ایک گاڑی پر رکھ کر اسکندریہ پہنچائی گئی۔ اسکندریہ میں شاہراہ امام المسجد پر بڑی تعداد میں لوگ جمع تھے، جہاں میت کو گاڑی سے اتارے بغیر ہی اس کی نماز جنازہ ادا کی گئی۔ اس دوران اس کی قبر تیار کرلی گئی تھی۔ نماز جنازہ کی ادائی کے فوری بعد اسے سپرد خاک کردیا گیا۔قبل ازیں متوفیہ کی ہمشیرہ جو اپنی مریض بہن کے علاج کے صبر آزما سفر میں اس کے ساتھ رہیں نے ’فیس بک‘ پر ایمان کے جنازے اور تدفین کے اوقات کا اعلان کیا تھا۔انہوں نے فیس بک پرپوسٹ ایک بیان میں لکھا کہ ایمان عبدالعاطی کی نماز جنازہ اسکندریہ شہر میں اللبان کے مقام پر مسجد العمری کے گراؤنڈ میں منگل کو نماز ظہر کے بعد ادا کی جائے گی۔ انہوں نے تعزیت کرنے والوں کا شکریہ ادا کیا۔خیال رہے کہ غیرمعمولی موٹاپے کے باعث نصف ٹن وزنی مصری خاتون ایمان عبدالعاطی کو کچھ عرصہ قبل ہندوستانی ڈاکٹروں کے اصرار پر ممبئی کے ایک اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔ ممبئی لانے کے بعد ایمان کی حالت مزید خراب ہوگئی تھی۔ اس کے اہل خانہ نے ہندوستانی ڈاکٹروں پر علاج میں غفلت کا الزام عاید کیا اور کہا کہ ڈاکٹر ایمان کے علاج کی آڑ میں شہرت حاصل کرنا چاہتے تھے۔ ممبئی میں علاج نہ ہونے کے بعد اسے متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت ابو ظہبی کے برجیل اسپتال میں داخل کیا گیا۔ برجیل اسپتال میں اس کا علاج کامیابی کے ساتھ جاری تھا اور اس کی تیزی کے ساتھ روبہ صحت ہونے کی خبریں آرہی تھیں تاہم چند روز قبل اس کی حالت اچانک بگڑ گئی جس کے بعد وہ جاں بر نہ ہوسکیں اور انتقال کرگئیں۔


Share: